پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے پاکستان کرکٹ کے فینز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 7 کی کامیابی کا سہرا تماشائیوں کے سر باندھ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 غیر معمولی حد تک کامیاب رہی اور اس کی بڑی وجہ کراچی اور لاہور، دونوں شہروں میں شائقین کرکٹ کا بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران خاص طور پر لاہور میں کبھی اتنا زبردست، پرجوش اور جاندار کراؤڈ نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نہ صرف ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ایونٹ کی ایچ ڈی پروڈکشن کے ذریعے پاکستانی عوام کی کرکٹ سے پرجوش وابستگی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
رمیز راجا نے مزید کہا کہ وہ انتھک محنت کرنے پر اپنے تمام اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائزز، طبی عملے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹنگ کے عملے اور گراؤنڈ اسٹاف کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے سنسنی خیز مناظر براہ راست اپنی ٹیلی ویژن اسکرین پر دیکھ کر اسے کامیاب بنایا۔
رمیز راجا نے کہا کہ پی ایس ایل کے منافع کی مد میں 71 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا منافع ہے، جس کی وجہ سے ہر فرنچائز نے تقریباً 90 کروڑ روپے کمائے ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال لیگ کو تمام فرنچائزز کے ہوم وینیوز پر لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ لیگ کے فینز کی تعداد بڑھائی جاسکے۔
واضح رہے کہ 27 جنوری سے شروع ہونے والا پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن27 فروری کو لاہور قلندرز کی کامیابی پر اختتام پذیر ہوا۔