پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے اسٹیڈیمزکے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کرکٹ نیوز ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی سی بی لاہور کے مشہور قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ متعدد اسپانسرز کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، جن میں سے کوئی ایک اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا حق حاصل کر لے گا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ تقریباً 50 سال قبل اس کا نام لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کے اعزاز میں رکھا گیا تھا ۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ماضی میں سیاسی وجوہات کی بناء پر اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں تاہم اس بار نام تبدیل کرنے کی وجہ سیاسی نہیں بلکہ خالصتاً مالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید اسپانسرز کے آنے پر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے دوسرے بڑے کرکٹ اسٹیڈیمز کا نام بھی بعد تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں موجودہ قذافی اسٹیڈیم 1959 میں بنا تھا اور تب اس کا نام ’لاہور اسٹیڈیم‘ رکھا گیا تھا۔
بعد ازاں 1974 میں لیبیا کے صدر کےدورہ پاکستان کے موقع پر اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اس کا نام تبدیل کرکے ’قذافی اسٹیڈیم ‘ رکھ دیا تھا۔