پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے عبرت ناک شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ ٹیم کی ملتان کی جانب سے دیا گیا 246 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کوئٹہ کی جانب سے عمراکمل 50 اور جیسن روے 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، ملتان کے دھانی، ڈیوڈ ولی، آصف آفریدی اور خوش دل شاہ نے بالترتیب دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا تسلسل جاری رکھا اور ایک مرتبہ پھر نصف سنچری جڑ دی۔ انہوں نے ناقابل شکست 83 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ شان مسعود نے 57 جب کہ رائلی روسوو نے 71 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے عرفان، نسیم اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔