وزیراعظم کا 300 یونٹ والے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے 300 یونٹ والے بجلی کے بلوں کو فیول ایڈجسٹ سے چھوٹ دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنا تکلیف دہ حقیقت ہے، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبوراً کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا عمران خان چاہتا تھا پاکستان سری لنکا بن جائے، آئی ایم ایف معاہدہ ہم نے نہیں پچھلی حکومت نے کیا، سابقہ حکومت تیل کی قیمتیں کم کرکےملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پرلائی۔

اسلام آباد میں ارکانِ قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے معاشی صورتحال کی تباہی کا اندازہ تھا، تمام پارٹیوں کا موجودہ حکومت میں حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا سابقہ حکومت نےعام آدمی کی زندگی میں بہتری لانےکی کوشش نہیں کی، جانے والوں نے ہمارےلیے گڑھا کھود دیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا دنیا میں تیل اورپیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، سابقہ حکومت میں وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھے افسرنےعمران خان کوکہا پیٹرول کی قیمتیں کم کردیں۔

شہباز شریف نے کہا سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو توڑا وعدہ توڑنے پر آئی ایم ایف نے ہم سے بات کرنے سے انکار کردیا، جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا۔ چار سال میں ایسا تماشہ نہیں دیکھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں