پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں‌چیلنج

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات ( petroleum products prices ) کے حالیہ اضافے کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ عدالت میں اضافے کے خلاف متفرق درخواستیں دائر کی گئیں۔

درخواست گزار کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ ( Lahore High Court ) میں درخواست دائر کی گئی۔ جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

متفرق درخواستوں میں حکومت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ جب کہ ڈیزل 51 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ردو بدل کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 233.91 روپے اور ڈیزل کے نئے نرخ 244.44 روپے ہوگئے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آچکی ہے، ایک ماہ کے دوران برینٹ کروڈ آئل کے نرخ 107.35 ڈالر سے 94.84 ڈالر پر آچکے ہیں۔

موجودہ حکومت نے اپریل میں حکومت سنبھالنے کے بعد تقریباً ایک ماہ کے دوران بتدریج پیٹرول 84 روپے اور ڈیزل 119 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں