کیف: جنوبی اور مشرقی یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
روسی فوج کی یوکرین کے مغربی علاقوں میں پیش قدمی جاری ہے اور روسی فوج نے ایک اور اہم شہر پر قبضہ کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے مقبوضہ یوکرینی علاقوں میں ریفرنڈم کروانےکا فیصلہ کیا ہے اور یوکرین کے جنوبی شہر کیرسون میں ریفرنڈیم کی تیاریاں بھی کر لی گئی ہیں۔
دوسری جانب روس کی کیف پر چڑھائی کی تیاریاں بھی مکمل ہو گئی ہیں اور یوکرین سے روس نقل مکانی کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس کے باعث مشرقی اور جنوبی یوکرین میں پاکستانیوں کے لیے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
روسی فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مشرقی اور جنوبی یوکرین میں پھنسے پاکستانی روس جا سکتے ہیں۔
ادھر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے فرانس اور جرمنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کو حملے کرنے سے روکیں۔
امریکا نے یوکرین کی مدد کے لیے مزید 200 ملین ڈالر کا اسلحہ اور فوجی سازو سامان دینے کی منظوری دیدی ہے جبکہ روس کا کہنا ہے کہ یوکرین بھیجے گئے نیٹو اور امریکی اسلحے کو نشانہ بنایا جائے گا۔