پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ۔
تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا۔
قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر بابراعظم کی شاندار سنچری اور آخری اوورز میں خوشدل شاہ کی 41 رنز کی اننگز کی بدولت آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم 103 اور رضوان 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔
چودہ سال بعد ملتان کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے سلامی بیٹر شائے ہوپ نے بہترین باری کھیلی اور 134 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ شمارا بروکس نے بھی 70 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، رومن پاول 32 جب کہ شیفرڈ 25 رنز بنا کر پولین لوٹے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث روف مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 74 رنز دیئے تاہم وہ چار وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی دو جب کہ محمد نواز اور شاداب خان ایک ایک وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ مہمان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا سکی۔