پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز منفی دن رہا۔
پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھا گئے اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی 100 انڈیکس 707 پوائنٹس گرگیا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 800 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
آج 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 41274 رہی تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 707 پوائنٹس کمی سے 41367 پر بند ہوا۔
حصص بازار میں 15 کروڑ شیئرز کے سودے 4.35 ارب روپے میں طے ہوئے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 98 ارب روپے کم ہوکر 6945 ارب روپے ہے۔
دوسری جانب ملک میں سیاسی بے یقینی کے باعث ڈالر بھی مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے 25 پیسے مہنگا ہو کر 215 روپے 20 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے اضافے کے بعد 216 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔