وفاقی وزیربرائے صحت عبدالقادرپٹیل نے کہا ہے کہ منکی پاکس وائرس کی مؤثر نگرانی کی جارہی ہے اور ملک کے تمام اسپتالوں کومنکی پاکس کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈیبلوایچ او) کی جانب سے منکی پاکس پر پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر منکی پاکس پر خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی اسپیشل سیکرٹری ، ڈی جی ہیلتھ اور وزارت داخلہ، ایف آئی اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ منکی پاکس کے اب تک دنیا کے75 ممالک سے 16 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم پاکستان میں اب تک منکی پاکس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
وفاقی وزیرعبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں اورصوبائی اور وفاقی سطح پر لیبارٹریز منکی پاکس وائرس کی تصدیق کے لئے مکمل تیار ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ وزارت صحت مسلسل منکی پاکس سے متعلقہ تمام امور کا جائزہ لے رہی ہے ۔