پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان ٹیم کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ کرکٹ ٹیم کا کیمپ 29 مئی یا یکم جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ ٹیم میں سلیکشن کے بعد انگلینڈ میں کھیلنے والوں کو طلب کیا جائے گا اورابھی انگلینڈ سے کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 13 جون کو نیدرلینڈز اور سری لنکا ٹور کے لئے ٹیموں کا اعلان ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا پہلا آپشن راولپنڈی وینیو ہی ہے تاہم بیک اپ پلان میں ملتان ، لاہور اور کراچی میں پچز تیار ہو رہی ہیں۔
ملک کی سیاسی صورتحال مستحکم رہتی ہے تو سیریز راولپنڈی میں ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ ویسٹ انڈیز سیریز میں بھی بائیوسیکورببل نہیں ہوگا اورکوئی کوویڈ پابندی نہیں ہوگی تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 8 جون دوسرا 10 جون اور تیسرا ایک روزہ میچ 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دورۂ پاکستان کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، کیرن پولارڈ کی ریٹائرمنٹ کے باعث نکولس پورن ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کے علاوہ ٹیم میں شائے ہوپ، کروما بونر، شامر بروکس، کیسی کارٹی، اکیل حسین، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، شرمون لوئس، کیل مائرز، اینڈرسن فلپ، روومان پاول، جائیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ، ہیڈن والش جونیئر شامل ہیں.