بھارتی ریاست نئی دہلی میں مون سون کی موسلا دھار بارش نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست نئی دہلی میں جمعرات کے روز ہونے والی بارش سے جل تھل ہوگیا اور شہر میں شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
نئی دہلی میں گزشتہ چند روز سے شدید گرمی کی لہر جاری تھی اور پارہ 40 ڈگری تک جا پہنچا تھا تاہم جمعرات کے روز ہونے والی بارش سے درجہ حرارت میں بہتری آئی جو 27.6 ڈگری تک گر گیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق نئی دہلی میں بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ ٹریفک اور پروازوں کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
شہر میں ہونے والی بارش سے چند پروازیں منسوخ ہوگئیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہوئیں جب کہ شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے شہر میں جنوب مغرب کے مون سون سسٹم کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کے تحت جمعہ تک بارش کا امکان ہے۔