نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 5 ماہ کے طویل عرصے کے بعد تمام رکاوٹیں دور کر کے مانسہرہ کے خوبصورت سیاحتی مقام ناران کو سیاحوں کے لئے کھول دیا ہے۔
جنت نظیر وادی ناران کی شاہراہ گزشتہ سال اکتوبر میں شدید برفباری کے بعد بند ہوگئی تھی۔
این ایچ اے کے عملے نے کالی مٹی سے ناران تک 11 کلومیٹر کے علاقے میں 4 گلیشئیرز اور لینڈسلائیڈز کی صفائی مکمل کر کے ناران بازار تک شاہراہ کھول دی ہے، ناران کا کاروباری طبقہ سیاحوں کے استقبال کے لئے تیار ہے۔
عہدیدار ہوٹل ایسوسی ایشن حسن دین کا کہنا ہے کہ ناران کے اندر 2 سے ڈھائی ہزار ہوٹل ہیں، اس میں مالکان اور ورکرز جو 8 ماہ کے بعد اپنا کاروبار کھولتے ہیں ان کی تعداد تقریباً ڈھائی لاکھ ہے۔
کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے) نے لاکھوں سیاحوں کے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے) ڈاکٹر ایمل زمان کا کہنا ہے کہ میرے خیال سے 11 بجے رات کو ہیوی ٹریفک کو اجازت دی جائے، اس سے پہلے صرف ٹورسٹ کی گاڑیوں کو اجازت دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ناران بازار کے بارے میں بھی سوچا ہے وہاں بھی لوگوں کو بہت مسئلہ ہے وہاں پر بھی ٹریفک پلان پر عمل کرایا جائے گا۔
برف پوش پہاڑوں اور خوبصورت جھرنوں کی سر زمین ناران میں ہر سال 20 سے 30 لاکھ سیاح آتے ہیں جس کے لئے بہترین تیاری ان کی مشکلات پر قابو پانے میں مدد دے گی۔