پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 246 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ میں ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 119 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
شان مسعود 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رلی روسو وکٹ پر آئے اور کوئٹہ کے بولرز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر دھواں دھار 71 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد رضوان 83 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے جو کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور بلیسنگ موزربانی کی جگہ ڈیوڈ ولے کی واپسی ہوئی ہے۔
کوئٹہ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیمز ونس اور خرم شہزاد کی جگہ احسن علی اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔