پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز کا کھیل شروع ہو گیا۔
میزبان ٹیم پاکستان کے سعود شکیل اور فہیم اشرف نے جیت کے تعاقب میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 198رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
چوتھے روز کھیل کے ابتدا میں ہی فہیم اشرف کو جو روٹ نے آؤٹ کیا، وہ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ملتان ٹیسٹ جیتنے کے لیے مہمان ٹیم انگلینڈ کو مزید 5 وکٹ درکار ہیں جبکہ پاکستان کو فتح حاصل کرنے کے ساتھ سیریز برابری کے لیے 145 رن درکار ہیں۔
گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ پر 198 رنز بنالیے تھے، دن کے اختتام پر سعود 54 اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں 66 رنز پر محمد رضوان کو بہت ہی شاندار آؤٹ سوئنگ کروا کر 30 رنز پر بولڈ کیا جبکہ بابراعظم 67 کے اسکور پر صرف ایک رنز بنا کر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
دوسرے اوپنر عبداللّٰہ شفیق کو 83 کے مجموعے پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، انہوں نے 45 رنز کی باری کھیلی۔
اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے 108 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، 191 کے اسکور پر امام الحق 60 رنز پر لیچ کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔