ملتان ٹیسٹ: پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ کے 281 کےبعد پاکستان نے بھی 107 بنا لیے

ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کے 281 رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلے روز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا لیے ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم 61 اورسعود شکیل 32 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جب کہ عبداللہ شفیق 14 رنز اور امام الحق صفر پر آوٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن اور لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے 52 اوورز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد انگلش بلے بازوں کے لیے مسٹری ثابت ہوئے، جو روٹ اور بین اسٹوکس سمیت کوئی بیٹسمین ابرار کو گھومتی گیندوں کا جادو سمجھ نہ پایا۔

نوجوان اسپنر نے ڈیبیو میچ کے پہلے ہی اوور میں زیک کرالی کو کلین بولڈ کردیا۔ بین ڈکٹ نے مزاحمت کی اور تریسٹھ رنز بنا سکے لیکن وہ بھی ابرار احمد کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ جو روٹ صرف 8 رنز تک ہی مزاحمت کر پائے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اولی پوپ اور ہیری بروک کیچ آوٹ ہوئے۔ کپتان بین اسٹوکس کو بھی ابرار احمد نے بولڈ کر دیا۔ ول جیکس کی وکٹ بھی ابرار کے حصے میں آئی۔ ابرار احمد کے بعد زاہد محمود نے لگاتار دو گیندوں پر دو آوٹ کر دیئے۔ اولی رابنسن کیچ آوٹ ہوئے، جیک لیچ بولڈ ہوئے، جیمز اینڈرسن کی آخری وکٹ بھی زاہد محمود کے حصے میں آئی۔

دوسرے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 3 اور انگلینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، آج کے میچ میں اظہر علی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی جگہ فہیم اشرف، محمد نواز اور ابرار احمد کو پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ نے لیام لیونگسٹن کی جگہ مارک ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں