ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 16 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلی جارہی ہے جہاں انگلینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کررہی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف اسپن بولر ابرار احمد عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پہلے سیشن سے قبل ہی 5 وکٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے 13 ویں بولر بن گئے ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا پہلا سیشن ختم ہوچکا ہے جہاں انگلینڈ کی ٹیم 33 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بناچکی ہے۔
میچ کے پہلے روز انگلش کھلاڑیوں زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اوپننگ کی لیکن دونوں کی پارٹنر شپ 9 اوورز بھی مکمل نہ کرسکی، ابرار احمد نے اپنے پہلے اوور میں ہی زیک کرولی کو 19 رنز کے ساتھ بولڈ کردیا، جس کے بعد ابرار احمد نے ہی 19 ویں اوور میں بین ڈکٹ کی وکٹ لیتے ہوئے انگلینڈ کی اہم شراکت توڑ ڈالی۔
اس کے بعد اسپن بولر ابرار نے ہی بین ڈکٹ کو 63 ، جوروٹ کو 8 رنز ، اولی پوپ کو 60 جبکہ ہیری بروک کو صرف 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اظہر علی ، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو کو ڈراپ کرکے محمد نواز ، فہیم اشرف اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے، دوسرے ٹیسٹ میں لیگ اسپنر ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں لیام لیونگسٹن کو آؤٹ کرکے مارک ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بین فوکس کی جگہ اولی پوپ ہی وکٹ کیپنگ کریں گے۔
ٹاس کے موقع پر کی گئی گفتگو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں فہیم اشرف اور ابرار احمد کی واپسی ہوئی ہے اور اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔
ملتان ٹیسٹ کے پہلے روزکاپہلا سیشن 10 بجےسےساڑھے 12 بجے ، دوسرا سیشن دوپہر ڈیڑھ بجے سے 3 بجے جبکہ تیسرا سیشن 3 بج کر 20 منٹ سے5 بج کر 20 منٹ تک ہو گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے بعد نسیم شاہ کندھے کی انجری کاشکار ہوگئے ہیں۔