پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور کوچ مصباح الحق نے قومی کھلاڑیوں کی فٹنس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ جب سے میں نے ٹیم چھوڑی ہے اس کے بعد اب آپ کو کھلاڑیوں کے پیٹ نکلے ہوئے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل ہیں جو نظر آتے ہیں، رنز لیتے ہوئے انہیں مشکلات کا سامنا رہتا ہے جو سب کے سامنے ہے۔ بات جاری رکھتے ہوئے مصباح نے کہا ‘وقار اور میں 4مرتبہ ٹیم سے اسی لیے دور گئے کہ ہم کرکٹرز پر زور دیتے تھے’۔
مصباح الحق نے کہا جو بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کے آرام کا نہ سوچتے ہوئے ان کی فٹنس پر زور دے اسے ہٹا دیا جاتا ہے، اس کے برعکس شعیب ملک تھے، یونس خان یا میں، جب ٹیم میں کھیلتے تھے، ہمیں اپنی فٹنس کی فکر ہوتی تھی، خیال ہوتا تھا، ہم خود اپنی فٹنس پر زور دیتے تھے۔
سابق کوچ نے کہا ‘اگر آپ فٹنس کے معاملات کرکٹرز پر چھوڑدیں گے تو وہ سب کو نظر آئے گا، دیکھیں کیسے اب سب کے پیٹ نکلے نظر آرہے ہیں پچھلے ایک سال میں کوئی فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوا’۔