مائیکروسوفٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کے بچپن کے دوست پال ایلن نے 4 اپریل 1975 کو قائم کی گئی اپنی کمپنی کی گزشتہ روز 47 ویں سالگرہ منائی۔
اس موقع پر بل گیٹس نے اپنی پرانی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں وہ برسوں پہلے مائیکروسافٹ آفس میں کرسی پر ’جمپ‘ لگاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ہر ڈیسک اور ہر گھر میں کمپیوٹر کے مائیکروسافٹ کے وژن کو پورا کرنے میں بہت تیزی آئی، مجھے فخر ہے کہ کمپنی کرہ ارض پر ہر فرد اور تنظیم کو مزید بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔‘
بِل گیٹس نے سال 2000 میں کمپنی کے سی ای او کے عہدے سے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا کہ وہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے فلاحی کاموں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔