فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کے متبادل کو متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نومبر میں میٹا کے ملازمین کی جانب سے ٹوئٹر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے صارفین کو اپنی جانب لانے کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔
میٹا کے عملے نے ٹوئٹر کے مقابلے میں کسی متبادل کو متعارف کرانے کے لیے مختلف چیزوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مثال کے طور پر ایک خیال تو یہ ہے کہ انسٹاگرام میں نوٹس کے نام سے ٹوئٹر جیسا فیچر متعارف کرایا جائے۔
اسی طرح ایک یہ تجویز سامنے آئی کہ ٹیکسٹ پر مبنی ایک نئی ایپ تیار کی جائے یا ٹوئٹر جیسی نئی فیڈ انسٹاگرام میں شامل کی جائے، جسے رئیل ٹائم یا رئیل ریلز کا نام دیا جاسکتا ہے۔
میٹا کے ایک عہدیدار نے امریکی روزنامے کو بتایا کہ ‘ٹوئٹر کو بحران کا سامنا ہے جبکہ میٹا کو اپنا جادو پھر بحال کرنا ہے، تو ٹوئٹر صارفین کو اپنی جانب لانا بہترین طریقہ کار ہے’۔
اس وقت جب ٹوئٹر کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، وہیں دوسری جانب میٹا کی صورتحال بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر ملازمین کو فارغ کیا گیا۔
میٹا کی جانب سے کسی ایپ کی نقل کرنے کا سوچنا نیا نہیں، اس وقت انسٹاگرام ایپ کافی حد تک ٹک ٹاک کی طرح کام کررہی ہے۔
فیس بک پر بھی ٹک ٹاک کی طرح مختصر ویڈیوز پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔
ٹک ٹاک سے قبل انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کے کامیاب فیچر اسٹوریز کو اپنالیا تھا۔