معروف اداکار لطیف کپاڈیا کی 20ویں برسی پر چوتھے ویلفیئر کلینک کی تعمیر کا آغاز

کراچی: لیجنڈری اداکار اور انسان دوست شخصیت، لطیف کپاڈیا مرحوم کی 20 ویں برسی کے موقع پر لطیف کپاڈیہ میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام چوتھے رفاہی کلینک کا سنگ بنیاد رکھا گیا تاکہ محروم طبقے کے افراد کو باکفایت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔مرحوم لطیف کپاڈیا کی یادیں اور کارنامے اب بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں لہٰذا، اس سال بھی، ان کی برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جس کا اہتمام لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ (LKMWT) نے کیا تھاجو عظیم مرحوم شخصیت کے انسان دوست جذبوں کا مشعل بردار ادار ہ ہے اور نادارکمیونٹیز کا معیار زندگی بہتر بنانے کا عزم رکھتا ہے۔

اعلی معیار کا مزاح تخلیق کرنے والے مصنف اور ڈراما نگار، انور مقصود نے بھی تقریب میں شرکت کی اور عظیم فنکار کی اہم کامیابیوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا:مرحوم لطیف کپاڈیا ٹیلیویژن اور اسٹیج ڈراما انڈسٹری کے مقتدرفنکار تھے جو پاکستان میں انسان دوستی کا معیار بلند کرنے کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔میڈیا اور قومی ترقی کے لیے ان کی شاندار خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکیں گی۔“

لطیف کپاڈیا میموریل ٹرسٹ نے اپنا پہلا ویلفیئر کلینک شاہ فیصل کالونی میں قائم کیا تھا جس کے بعد دیگر کلینکس ملیرکے علاقے کھوکھراپار اور لانڈھی کے علاقے قائدآباد میں قائم کیے گئے تھے۔ گزشتہ برسوں کے دوران یہ تین ’میڈی ہیلتھ‘ کلینکس مستحق افراد کو مسلسل بنیادی طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں جن میں میڈیکل چیک اپس اور طبی مشورے صرف 40 روپے میں فراہم کیے جاتے ہیں اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ہر سال، 60,000 سے زائد افرادلطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کے میڈی ہیلتھ کلینکس سے استفادہ کرتے ہیں اور اب تک 695,000 سے زائد مریضوں کو خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔

مرحوم لطیف کپاڈیا کے صاحبزادے اور لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی، احمد کپاڈیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”ہم سب کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ ہم لطیف کپاڈیا مرحوم کے عظیم مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ مسلسل سرپرستی اور اعانت کے لیے میں بے لوث مخیر حضرات اور رضاکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میرے لیے یہ بات بھی خوشی اور فخر کی ہے کہ لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کا چوتھا کلینک سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں تعمیر کیا جارہا ہے جب کہ اس سماجی پروجیکٹ کی نگرانی ٹرسٹ کے ارکان ذاتی طور پر کریں گے۔ میں جناب گلزار مغل صاحب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنھوں نے ، آٹھ برس قبل، سرجانی ٹاؤن میں کلینک کی تعمیر کے لیے زمین عطیہ کی تھی۔ ان کے اس رحم دلانہ جذبے نے انسانی ہمدردی کی اس داستان کومزید قابل ذکر بنا دیا ہے۔“

لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ نے عوام کی آگاہی اور پائیدارسماجی و اقتصادی ترقی کے لیے وسیع تر عوامی رسائی کا پروگرام بھی شروع کیا ہے۔یہ تمام اعلیٰ اقدامات لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام انجام دئیے جارہے ہیں جس کے لیے فراخدل شہریوں اور عوام کی جانب سے دئیے گئے عطیات، چندہ، مخیرانہ مدد، زکوٰۃ اور دیگر وسائل اور رقوم بطور فنڈ زحاصل کیے جاتے ہیں اور یہ ٹرسٹ کے رضاکار جمع کرتے ہیں۔

سنہ 2007ء میں قائم کیا گیا لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ لطیف کپاڈیا کے عظیم مشن کو آگے بڑھانے اور کم آمدنی والے طبقات میں خوشیاں پھیلانے کے عزم پر قائم رہے گا جو نجی ڈاکٹروں کی مہنگی فیسیں دینے کی استطاعت نہیں رکھتے ہیں۔ اِس ٹرسٹ کے اہم مقاصد میں اعلیٰ معیار کی او پی ڈی کی سہولتوں کے علاوہ صحت، تعلیم، غربت کا خاتمہ، غذائیت میں کمی کا خاتمہ، بیماریوں پر قابو پانا اور دیگر سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنا شامل ہے۔ مزید تفصیلا ت کے لیے www.lkmwt.org کا وزٹ کیجیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں