لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرِ انتظام سرجانی ٹاؤن میں چوتھے میڈی ہیلتھ کلینک کا افتتاح

کراچی: لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ (LKMWT) نے اپنے چوتھے میڈی ہیلتھ کلینک خدا کی بستی، سرجانی ٹاؤن، کراچی کا افتتاح پسماندہ طبقے کے افراد کیلئے کم لاگت میں صحت کی نگہداشت کی معیاری خدمات کی فراہمی کے مقصد کے ساتھ کردیا ہے۔کلینک کا افتتاح معروف مصنف اور مزاح نگار جناب انور مقصود اور LKMWT کے چیئرمین جناب احمد کپاڈیا نے کیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران، جناب انورمقصود نے کلینک میں طبی سہولیات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی اور مرحوم لطیف کپاڈیا کی جانب سے افراد اور سماج میں زندگیوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کو یاد کیا۔ انھوں نے اس منصوبے کی تعریف کی اور اس طرح کے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرجانی ٹاؤن اور گردونواح کے لوگوں کو اب اچھی طبی خدمات تک تقریباً مفت رسائی حاصل ہوگی۔

نیا قائم کردہ میڈی ہیلتھ کلینک جدید طبی آلات سے آراستہ ہے اور سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو مفت طبی مشاورت، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ کلینک کم مراعات یافتہ طبقوں کے لیے صحت کی بنیادی سہولیات کو فعال کرنے کے لیے مرحوم جناب لطیف کپاڈیا کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ LKMWT اور اس کے رضاکاروں کی انتھک لگن کی بدولت یہ منصوبہ سنگ بنیاد رکھنے کے ایک سال کے اندر مکمل ہو گیا۔

۔LKMWT کے چیئرمین جناب احمد کپاڈیا نے LKMWT کے عطیہ دہندگان اور رضاکاروں کے تعاون کے ساتھ ساتھ کلینک کے لیے زمین فراہم کرنے پر جناب گلزار مغل کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے جناب صابر سمیع سمیت LKMWT کے دیگر ٹرسٹیز کی کاوشوں کو بھی سراہا اور اس فلاحی منصوبے کو مزید منظم کرتے ہوئے، اس کی مستقبل کی طبی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ذریعے ٹرسٹ کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔

لطیف کپاڈیا مرحوم کی یاد میں قائم LKMWTکا چو تھا غیر کاروباری میڈی ہیلتھ کلینک بھی اس کے باقی کلینکس کی طرح پاکستان میں پسماندہ افراد کوصحت کی کم لاگت نگہداشت فراہم کرنے کی خاطر ٹرسٹ کے عزم اور اُن کے وژن کی تکمیل کیلئے سچی لگن کا ثبوت ہے۔

2007 ء میں قائم ہونے والا یہ ٹرسٹ پسماندہ کمیونٹیز کو طبی دیکھ بھال کی لگاتار سہولیات فراہم کرتا آرہا ہے۔ اس سے قبل، LKWMT نے شاہ فیصل کالونی، کھوکھراپار،ملیر اور قائد آباد لانڈھی میں عالمی معیار کے ہیلتھ کلینکس قائم کر رکھے ہیں۔ یہ تمام کلینکس صرف 40 روپے فی مریض کی معمولی فیس کے ساتھ ضروری میڈیکل چیک اَپ، مشاورت اور ادویات فراہم کرتے ہیں۔ ہر سال 120,000 سے زیادہ مریض ان میڈی ہیلتھ کلینکس سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔

۔LKWMT کا مشن یہ ہے کہ وہ ”لطیف کپاڈیا“کے خواب کو آگے بڑھانے کے لیے معیاری طبی سہولیات اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے عملی جدوجہد کے ساتھ قدم بڑھاتا رہے۔ ٹرسٹ تعلیم کے فروغ، غربت کے خاتمے، سماجی و اقتصادی چیلنجز سے لڑنے کے ساتھ ساتھ ٹرسٹ کے دائرہ ئکار میں عمدہ و معیاری نگہداشت ِ صحت کے ماحولیاتی نظام کی راہ ہموار کرتے ہوئے معاشرے کی بہتری کے لیے مستقل سرگرم عمل رہنے کا عزم بھی رکھتا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے www.lkmwt.orgوزٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں