پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آل راؤنڈر نے کہا ہے کہ جب وقت رخصت آجائے تو چاہے حق پر ہوں یا غمزدہ، رخصت با وقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ الزامات، سازشیں، حتیٰ کہ شکست بھی اقتدار کے کھیل کا حصہ ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہنا تھا کہ تاریخ کے صفحات میں بالآخر بات اخلاقی معیار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر آتی ہے۔
جب وقت رخصت آ جائے تو چاہے حق پر ہوں یا غمزدہ؛ رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے۔ الزامات، سازشیں، حتی کہ شکست بھی اقتدار کے کھیل کا حصہ ہے۔ تاریخ کے صفحات میں بالآخر بات اخلاقی معیار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر آتی ہے۔
اسی حسن پر میزان لگتا ہے اسی سے کردار امر ہوتے ہیں۔ https://t.co/1VOOpPvYZ0— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) April 11, 2022
اس سے قبل شاہد آفریدی نے شہباز شریف کو پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد بھی دی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں کہ شہباز شریف اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے پاکستان کو موجودہ معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کرلیا جس کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
خیال رہےکہ نئے قائد ایوان کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے تھے۔