حجاب پر پابندی، کویتی پارلیمنٹ میں بھارت کیخلاف قرارداد پیش

کویت: کویتی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ارکان کے ملک میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف کویت کے پارلیمنٹ اراکین نے بھی آواز بلند کر دی۔ کویتی اراکین پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہا پسند ہندو حکمران جماعت کے اراکین کو ملک میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

کویت کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر صالح کی جانب سے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس پر 10 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کے دستخط ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمان لڑکیوں پر سرعام ظلم ڈھایا جارہا ہے۔

متن میں لکھا گیا کہ حجاب تنازع کی ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ہیں لہٰذا اس جماعت کے اراکین کی کویت میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔

گزشتہ روز کویت میں بھارتی سفارتخانے کے باہر حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا تھا جس میں مظاہرین نے بی جے پی حکومت سے اس متنازع اور مسلم دشمن اقدام کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

چند روز قبل بھارت میں مسلم خواتین کے خلاف حملوں اور باپردہ حجابی خواتین کے حق میں کویت میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے ایک گروپ نے الارادہ اسکوائر پر بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں