اسرائیلی فورسز نے نماز جمعہ سے پہلے مسجد اقصیٰ میں کارروائی کی جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز جمعہ کی صبح مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئیں جس دوران جھڑپ میں تین صحافیوں سمیت 30 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فورسز مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئیں تو وہاں موجود نہتے فلسطینیوں نے فورسز پر پتھراؤ کیا جس پر فورسز نے ربر کی گولیاں اور ہینڈ گرینیڈ برسادیے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق اس دوران مسجد اقصیٰ کے صحن میں آتشزدگی کا واقعہ بھی دیکھنے میں آیا جس سے متعلق فلسطینی شہریوں کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فورسز درختوں کو نذر آتش کررہی ہیں۔
فلسطینی ریڈ کریسنیٹ کا کہناہےکہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں 31 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔