ایران‘ زہریلی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک‘ درجنوں حالت غیر ہونے پر ہسپتال پہنچ گئے

ایران میں زہریلی شراب پینے سے 8افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ درجنوں افراد حالت غیر ہونے پر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق زہریلی گھریلو شراب پینے سے ہلاکتوں کا معاملہ ایرانی شہر بندر عباس سے سامنے آیا ہے جہاں درجنوں افراد نے گھریلو ساختہ شراب پی تھی۔

زہریلی شراب پینے سے 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ ڈاکٹرز دیگر51 افراد کی زندگیاں بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

محکمہ صحت کی افسر ڈاکٹر فاطمہ نوروزین نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسپتال میں زیر علاج افراد میں سے 17 کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ دیگر 30 متاثرین کے ڈائلسز جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے زہریلی شراب بنانے اور فروخٹ کرنے کے شبے میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں شراب کی تیاری، فروخت اور ذخیرہ سختی سے منع ہے، ایرانی قوانین کے مطابق اگر کوئی مسلمان شراب کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا جائے تو اسے 80 کوڑوں کو سزا دی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں