بھارتی پولیس نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2022 کے فائنل میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان اور آصف علی کے کیچ چھوڑنے کی ویڈیو کو ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے استعمال کیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ میں بہترین اسٹارٹ لیا اور 58 رنز پر سری لنکا کی آدھی ٹیم کو پویلین بھیج دیا، تاہم راجا پکسے کی شاندار بلے بازی کی بدولت سری لنکا ٹیم 171 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔
محمد حسنین کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر راجا پکسے نے ایک اونچا شاٹ کھیلا تو باؤنڈری لائن پر کھڑے آصف علی نے کیچ پکڑنے کی کوشش کی، لیکن شاداب خان نے مداخلت کرتے ہوئے آصف علی کو کیچ لینے میں رکاوٹ ڈالی اور دونوں فیلڈروں کی ٹکر سے گیند باؤنڈری سے باہر چلی گئی اور چھکا ہوگیا۔
جس کے بعد نسیم شاہ کے آخری اوور میں راجا پکسے نے 15 رنز حاصل کیے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا بھی شامل تھا، یوں سری لنکا نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 170رنز بنا لیے۔
Ae Bhai, Zara Dekh Ke Chalo#RoadSafety #AsiaCup2022Final pic.twitter.com/gepAVvrO33
— Delhi Police (@DelhiPolice) September 12, 2022
ایک طرف پاکستانی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ پر کھلاڑیوں کو جہاں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں بھارت کے شہر دہلی کی پولیس نے ٹیم کی خراب فیلڈنگ کے ایک سین کو ٹریفک آگاہی کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔
دہلی پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایشیا کپ کے فائنل میں شاداب خان اور آصف علی کے ٹکرانے اور کیچ چھوڑنے کی ویڈیو شیئر کردی۔
ویڈیو کے کیپشن میں دہلی پولیس نے لکھا کہ اے بھائی ذرا دیکھ کر چلو، اس کے ساتھ ہی ویڈیو میں روڈ سیفٹی اور ایشیا کپ کے ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔