بھارت میں پیغمبرِ اسلام سے متعلق متنازع بیان کو منظرعام پر لانے والے صحافی محمد زبیر کو مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
محمد زبیر بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلام کے بارے میں نازیبا بیانات کو منظر عام پر لائے تھے۔ گزشتہ دنوں وہ اس بیان کو سامنے لانےاور ٹوئٹر کے ذریعے اس خبر کو عام کرنے کے بعد خبروں میں رہے۔
بی بی سی کے مطابق محمد زبیر بھارت کے ایک سرکردہ صحافی ہیں اور ان کا نام فیک نیوز چیک کرنے اور عوام کے درمیان اس بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے مشہور ہے۔ وہ سرکردہ فیکٹ چیک نیوز ویب سائٹ ’آلٹ نیوز‘ کے شریک بانی بھی ہیں۔
محمد زبیر کی گرفتاری کی خبر کے بعد آلٹ نیوز کے شریک بانی پرتیک سنہا نے ایک بیان میں لکھا ہے کہ زبیر کو آج دہلی سپیشل سیل میں تفتیش کی غرض سے بلایا گیا تھا۔ یہ کیس 2020 کا تھا اور اس میں زبیر نے ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری لے رکھی تھی۔
ا نہوں نے کہا ہے کہ تاہم آج شام پونے سات بجے ہمیں آگاہ کیا گیا کہ انھیں کسی اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔جس کے لیے انھیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا جو قانون کی رو سے دینا ضروری ہے۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ان کی بارہا درخواستوں کے باوجود انھیں اس ایف آئی آر کی کاپی فراہم نہیں کی گئی جس کی بنیاد پر محمد زبیر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ارکان کی طرف سے پیغمبر اسلام پر کیے گئے تبصروں سے متعلق سفارتی بحران پیدا ہونے کے بعد دائیں بازو کے ہندو گروہ محمد زبیر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے