بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فتح حاصل کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سریش رائنا نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم 23 اکتوبر کو ہونے والے اوپننگ میچ میں پاکستان پر گھیرا تنگ کر لیتی ہے تو ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر اچھا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کو ہرانا ہوگا، اگر بھارت نے شکست دے دی تو وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت جائے گا۔
سریش رائنا نے اپنے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف جیت جائے تو اس سے ان کا اعتماد بحال ہوگا، ٹیم اس وقت بہترین نظر آرہی ہے اور صحیح ڈگر پر بھی ہے، ہر کھلاڑی اچھی فارم میں نظر آرہا ہے۔
بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بمراہ کی جگہ شامی لے چکے ہیں جو کہ بھارت کا پلس پوائنٹ ہے، ہمارے پاس سوریا کمار اور ارشدیپ ہیں، پھر ویرات کوہلی بھی اچھی فارم میں ہیں، امید ہے اس بار بھارتی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا ہندوستان دعا کررہا ہے کہ پاکستان کے خلاف فتح حاصل ہو اور میں بھی چاہتا ہوں کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا میچ اتوار (23 اکتوبر) کو میلبرن میں شیڈول ہے۔