عمران خان نے عوام سے کچھ زیادہ بڑے وعدے کرلیے تھے: شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر دبے لفظوں میں تنقید کی ہے۔

کشمیر پریمئیر لیگ روڈ شو کے موقع پر لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن سے قبل عوام سے کچھ زیادہ بڑے وعدے کرلیے تھے، انہیں معقول ہوم ورک اور مخلص ٹیم کے ساتھ آنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بڑے وعدے پورے کرنے کے لیے 10 سے 15 برس چاہئیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایسی بات نہیں کہ عمران بھائی کی حکومت نے کچھ نہیں کیا، بس عمران خان کی ٹیم اپنے کاموں کے بارے میں بتا نہیں پارہی۔

دوران گفتگو شاہد آفریدی نے سیاست میں آنے سے متعلق بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں کہوں گا کہ سیاست میں نہیں آؤں گا تاکہ یوٹرن کا الزام نہ لگے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کا حکومت کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، کے پی ایل کا ٹیلنٹ پی ایس ایل اور پاکستان ٹیم کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ کے میچز کا برطانیہ میں ہونا خوش آئند ہوگا جس کے ذریعے دنیا کو پیغام جائے گاکہ کشمیر کے لوگ پرامن اور محنت کرنے والے ہیں، کے پی ایل میں 2 نئی فرنچائزز کی شمولیت اس کی مقبولیت کی دلیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں