پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف عرف بھولا نے اہلیہ، کرن اشفاق سے طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔
شوبز انڈسٹری میں سجل علی اور احد رضا میر، فیروز خان اور علیزے سلطان میں طلاق کے بعد، عروہ حسین اور فرحان سعید میں علیحدگی کے بعد فنکار جوڑی عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق میں بھی طلاق ہو گئی ہے۔
عمران اشرف اور کرن اشفاق کی جانب سے یہ افسوس ناک خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک مشترکہ بیان کے ساتھ شیئر کی گئی ہے.
انسٹاگرام پر جاری کیے گئے علیحدگی سے متعلق بیان میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے لکھا ہے کہ ہم یہ اعلان بہت بھاری دل سے کر رہے ہیں کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس جوڑی کا مزید کہنا ہے کہ ہم دونوں کی بنیادی فکر ہمارا بیٹا روہم رہے گا جس کے لیے ہم بہترین والدین بن کر رہیں گے، ہم مداحوں اور میڈیا سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے نجی معاملات کا خیال رکھیں۔
یاد رہے کہ عمران اشرف اور کرن اشفاق کے درمیان علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے زیرِ گردش تھیں۔
کرن اشفاق نے کچھ ماہ قبل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے شہور عمران اشرف کا نام ہٹا دیا تھا اور بعد عمران اشرف کے ہمراہ شیئر کی گئی تمام تصویریں بھی ڈیلیٹ کردیں تھیں۔
واضح رہے کہ اداکار عمران اشرف نے ماڈل کرن اشفاق سے 2018ء میں شادی کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام ’روہم‘ ہے۔