پاکستان میں ٹویوٹا اور سوزوکی کے بعد ہونڈا نے بھی مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں دو لاکھ 80 ہزار روپے سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کردیا۔
پاک وہیلز ڈاٹ کام کے مطابق اٹلس ہونڈا کمپنی نے ہونڈا سٹی ایم ٹی 1.2 ایل کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے، سٹی سی وی ٹی 1.2 اور 1.5 ایل کی قیمت میں 3، 3 لاکھ جبکہ سٹی اسپائر ایم ٹی 1.5 ایل کی قیمت میں 3 لاکھ 10 ہزار اور سٹی اسپائر سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمت میں 3 لاکھ 20 ہزار روپے کم کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہونڈا کی بی آر وی سی وی ٹی ایس کی قیمت میں 3 لاکھ 60 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے جبکہ ہونڈا سوک کی 1.5 ایل ایم-سی وی ٹی کی قیمت میں 4 لاکھ 50 ہزار، سوک 1.5 ایل اوریل ایم-سی وی ٹی کی قیمت میں 5 لاکھ اور ٹربو آر ایس 1.5 ایل ایل-سی وی ٹی کی قیمت میں 5 لاکھ 50 ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے۔
پاک وہیلز کے مطابق اٹلس ہونڈا نے قیمتوں میں حالیہ رد و بدل ایکس فیکٹری پرائس میں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہونڈا کی جانب سے اعلان کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اگست سے ہوگا۔
قبل ازیں 30 جولائی کو ہونڈا نے اپنی گاڑیوں کے تمام ماڈلز کی قیمتیں 7 لاکھ 85 ہزار سے 14 لاکھ 50 ہزار روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ اس اضافے کے بعد ہونڈا سٹی ایم ٹی 7 لاکھ 85 ہزار اضافے سے 40 لاکھ 49 ہزار کی، ہونڈا سٹی سی وی ٹی 8 لاکھ 10 ہزار اضافے کے بعد 41 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ سٹی سی وی ٹی 1500 سی سی 8 لاکھ 50 ہزار اضافے کے ساتھ 44 لاکھ 49 ہزار روپے کی ہوگئی تھی۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد ٹویوٹا نے بھی اپنی مختلف ماڈل کی قیمتوں میں 2 لاکھ 60 ہزار فی یونٹ سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے فی یونٹس تک کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ سوزوکی نے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کردی تھی۔