پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے میچ میں لاہور قلندر کے حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو کیچ ڈراپ ہونے پرتھپڑ جڑ دیا جس پر میچ ریفری نے حارث رؤف کو طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز میچ میں کامران غلام سے حارث رؤف کی گیند پر ایک کیچ ڈراپ ہوا تھا، تھپڑ کھا کر کامران غلام ہنستے رہے، جبکہ حارث رؤف انہیں غصے سے گھورتے رہے۔
میچ ریفری علی نقوی نے حارث روف کو میچ کے بعد طلب کیا جس میں انہیں تنبیہہ کرتے ہوتے ہوئے ریفری نے مستقبل میں محتاط رہنے کا کہہ دیا۔
ریفری نے کہا کہ گراؤنڈ میں ہنسی مذاق سے کھیل کی شہرت کو نقصان پہنچانا درست نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث روف نے معاملہ کو دوستانہ انداز میں قرار دیا جس پر حارث روف کو خبردار کرکے معاملہ ختم کردیا گیا۔
دوسری جانب آن فیلڈ امپائرز نے بھی اس حوالے سے کوئی شکایت میچ ریفری کو نہیں کی کیوںکہ معاملہ ایک ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا تھا اس لئے سنگین قرار نہیں پایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اننگز کے دوران حارث رؤف نے اپنے 4 اوور کے کوٹہ میں 36 رنز دے کر صرف ایک وکٹ لی تھی۔
پشاور زلمی کے خلاف حارث رؤف نے قلندرز کے بولرز میں سب سے زیادہ 5 چوکے بھی کھائے۔
پی ایس ایل 7 میں گزشتہ روز آخری گروپ میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا جہاں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازائی نے محمد حارث کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف دوسرا اوور کروانے آئے تو زازائی نے ان کی گیند پر زور دار شارٹ ماری لیکن وہ باؤنڈری لائن عبور کرنے میں ناکام رہے۔
Wreck-it-Rauf gets Haris! #HBLPSL7 l #LevelHai l #LQvPZ pic.twitter.com/wwczV5GliZ
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 21, 2022
دوسری جانب لاہور قلندرز کے مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام اس موقع کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور انہوں نے حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوڑ دیا جس پر کامران مسکرادیے لیکن حارث رؤف انہیں غصے سے گھورتے رہے۔
بعد ازاں جب اسی اوور میں حارث رؤف نے محمد حارث کو پویلین بھیجا تو اس دوران تمام کھلاڑی انہیں مبارکباد دینے اکھٹا ہوئے، اس دوران حارث نے کامران غلام کو تھپڑ رسید کردیا۔
میچ کے آخری لمحات میں جب حسین طلعت نے رن لینے کی کوشش کی تو کامران غلام نے زبردست تھرو مارکر دوسرے اینڈ پر موجود وہاب ریاض کو رن آؤٹ کردیا جس پر حارث رؤف نے کامران غلام کو گلے لگادیا۔
واضح رہے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں اور اس کے علاوہ اگلے مرحلے میں پہنچنے والی ٹیمیں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ ہیں۔