وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیاجس کا اطلاق ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے کر دی گئی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل ہیں، ہم اس وقت پیٹرول کی قیمت میں24 روپے فی لیٹر نقصان کررہے ہیں، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے جو معاہدے کیے ان کی وجہ سے ہمار ے ہاتھ جکڑےہوئے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر پیٹرول کی قیمتیں کم کیں، عالمی مارکیٹ میں تیل، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے کے بعد حکومت کو اب اس مد میں کوئی نقصان نہیں ہو گا۔