قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران جاپانی شائقین کی صفائی پسندی نے مقامی حکام کے دل جیت لئے۔
جاپان دنیا بھر میں اپنی الکٹرانک مصنوعات کے علاوہ صفائی کی عادت سے بھی جانا جاتا ہے۔
ویسے تو اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کہا جاتا ہے لیکن اس معاملے میں جاپانی دنیا میں سب سے آگے ہیں۔
اپنی صفائی پسندی کی بدولت انہوں نے قطر کے حکام کے بھی دل جیت لئے ہیں۔
قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران دنیا بھر سے شائقین اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کا کھیل دیکھنے آئے ہیں لیکن جاپانی سب سے الگ ہیں۔
جاپانی شائقین میدان میں آتے تو دوسرے تمام ملکوں کی طرح ہی ہیں، وہ اپنی پسندیدہ ٹیموں کے حق میں نعرے بھی لگاتے ہیں اور پرچم بھی لہراتے ہیں، میچ کے دوران کھاتے بھی ہیں اور پیتے بھی، لیکن میچ ختم ہوتے ہی وہ ناصرف اپنی کرسیوں سے سارا کچرا اٹھاتے ہیں بلکہ جہاں تک ممکن ہوسکے اسٹیڈیم بھی صاف کرتے ہیں۔
ایکواڈور اور قطر کے درمیان میچ کی بھی ایسی ہی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل ہورہی ہے جس میں جاپانی شائقین کچرا اٹھارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ جگہ باعث تکریم ہے اور ہمارے جانے کے بعد یہاں کچرا نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جاپانیوں نے یہ طرز عمل اپنایا ہو، ہر عالمی ایونٹ میں جاپانی اسی طرح اپنی جگہ کو صاف رکھتے ہیں۔