فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی،فرانس کے سابق ورلڈ چیمپئن کرسچن کریمبیو ٹرافی کو لے کر پاکستان پہنچے ہیں، پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی ہاجرہ خان نے لاہور میں ٹرافی کا استقبال کیا۔
ٹرافی ایک دن پاکستان میں رہے گی اور اس دوران ایک ایونٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوگا جبکہ ایک پبلک ایونٹ ہوگا جس میں کنسرٹ کے دوران ٹرافی عام نمائش کیلئے رکھی جائے گی۔
کرسچن کریمبیو نے کہا کہ دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا ہے، پچھلی بار پاکستان آیا تھا اس وقت سے دوبارہ یہاں آنے کی خواہش تھی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی بار پاکستان میں فٹبال فینز کا جوش دیکھ کر حیران ہوا تھا، 15 ہزار افراد ٹرافی کو دیکھنے آئے تو مجھے اندازہ ہوا کہ یہاں فٹبال کا کتنا جنون ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ پاکستان زیادہ سے زیادہ فٹبال میچز کھیلے، امید رکھنی چاہئے کہ پاکستان فٹبال ایک روز وہاں پہنچے جہاں فینز کی خواہش ہے۔
سابق ورلڈ چیمپئن کرسچن کریمبیو نے کہا کہ پچھلی بار کی طرح اس بار بھی فرانس کی ٹیم میری فیورٹ ہے۔ فرانس، برازیل اور جرمنی کے ساتھ ایک ایشین یا افریقی ٹیم کو ٹاپ فور میں دیکھ رہا ہوں۔
اس موقع پر پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی ہاجرہ خان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ٹرافی ٹور کا حصہ بن کر خوش ہوں، ٹرافی پاکستان آنے سے فٹبالرز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بطور فٹبالر ہم بہت محنت کررہے ہیں اور انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی واپسی کے منتظر ہیں۔