فیروزخان نے بلاول بھٹو کو’کارٹون نیٹ ورک’ قراردے دیا

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کےامریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے جانے والے انٹرویو کاسوشل میڈیا پر خاصا چرچا ہے۔

سی این این کی میزبان بیکی اینڈرسن کو انٹرویو میں کم عمری میں ہی سیاست کا آغاز کرنے والے بلاول کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی کو نہیں اس زندگی نے مجھے منتخب کیا ہے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان میں مسائل کی وجہ موروثی سیاست ہے؟ جس پر بلاول نے مختلف وضاحتیں دیں، ان کا کہنا تھا کہ آپ اقربا پروری اور خاندانی سیاست پرجتنی چاہیں تنقید کر سکتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام جو بھی فیصلہ کریں گے، اس سے فرق پڑتا ہے.

اینکر کی جانب سے عمران خان کی عوام میں مقبولیت کے سوال پر بلاول بولے کہ دنیا بھر میں ہر فاشسٹ کو حمایتی مل جاتے ہیں، عمران خان پارلیمنٹ میں صرف تیس فیصد عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، عمران خان نے امریکی سازش کا بڑا جھوٹ بولا، 70 فیصد عوام کے نمائندوں کو غدارقراردیا۔ عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کیلئے خطرناک کھیل کھیلا۔

ان کا کہناتھا پاکستان کو حال ہی میں وہی تجربہ ہوا جو امریکی عوام کو 6 جنوری کے ٹرمپ کے واقعے میں ہوا تھا، عمران خان نے آئینی بغاوت کی کوشش کی۔

انٹرویو پربلاول کو مخالف حلقوں سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ،عمران خان اور پی ٹی آئی سے دلی وابستگی رکھنے والےاداکار فیروزخان بھی نشتربرسانے والوں میں پیش پیش رہے اوربلاول کو کارٹون قراردے دیا۔

بلاول کاانٹرویو وائرل ہونے کے بعد فیروز خان نے انسٹااسٹوریز میں اسکرین شاٹ شیئرکرتے ہوئے لکھا ، جیسا کہ میں نے کہا تھا، یہ شخص کارٹون نیٹ ورک ہے.

فیروزخان اس سے قبل بھی پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ان کی مخالفت کرنے والوں کو کئی بار کرارا جواب دے چکے ہیں۔

اسی انٹرویو میں گٹھ جوڑ سے بننے والی اس نئی حکومت کے وزیرخارجہ سے متعلق سوال پربلاول کا کہناتھا کہ مجھے وزیر خارجہ بنانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ معاملات پارٹی نے طے کرنے ہیں۔ میرا وزیر خارجہ بننا ہماری پارٹی کے لیے مشکل ہوگا کیونکہ پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد کی دوسری بڑی جماعت ہے، وہ پارٹی ملکی مفاد میں جو فیصلہ کرے گی قبول ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں