وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری، عمران خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائرکرنےکا فیصلہ متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کےفیصلے کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیے جانےکا امکان ہے، عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکی منظوری بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر قانون اور حکومتی قانونی ٹیم کابینہ کو الیکشن کمیشن فیصلے پر بریفنگ دے رہی ہے، ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری قانون اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ تمام بیوروکریٹس کو اجلاس سے باہر بھیج دیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کا 8 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آج کے اجلاس میں نیشنل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی جائےگی، پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کی منظوری بھی دی جائےگی۔

اجلاس میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان فریم ورک معاہدے کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے لیے عالمی معاونت کی سمری بھی پیش ہوگی، یوم آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی سمری بھی پیش ہوگی، اس کے علاوہ ترقیاتی اسکیموں پر کام کے آغاز سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں