ایف اے ٹی ایف کا اجلاس آج ، پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پرامید

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا دو روزہ اجلاس آج سے پیرس میں شروع ہو گا۔

اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے جانے کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان پرامید ہے کہ اس بار پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کریں گی۔

پاکستان کا نام 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا اور27 نکات پر عمل درآمد کیلئے ایکش پلان دیا گیا۔

بعد ازاں پاکستان کو مزید 7 اور پھر 6 نکات پرعمل درآمد کرنے کا کہا گیا تھا، ان نکات پرعمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔

اس وفد کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان پر امید ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

پیرس میں 20 اور 21 اکتوبر کو ہونے والے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں انٹرپول، آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے حکام سمیت 206 تنظمیوں کے وفود شرکت کریں گے۔

اجلاس جعلی کمپنیوں اور دوسرے طریقوں سے ناجائز فنڈز کی منی لانڈرنگ روکنے کا جائزہ لے کر اس سلسلے میں رہنمائی بھی کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں