انگلش کرکٹر معین علی کی پاکستان کیلئے امداد کی اپیل

پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر معین علی نے برٹش پاکستانی کمیونٹی سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب دل کھول کر امداد کریںِ اس لیے نہیں کہ وہ پاکستان ہے بلکہ اس لیے کہ کئی انسانی جانوں کو آپکی مدد کی ضرورت ہے، امداد کے ساتھ انہوں نے کمیونٹی سے دعاوں کی بھی اپیل کی اور کہا کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کو دعاوں کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ ہماری جڑیں پاکستانی ہیں اس لیے ہمیں ان کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اگر آپ اللہ کے لیے کرتے ہیں تو آپ کو بہت زیادہ اجر ملتا ہے۔ وہ ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں جو تکلیف میں ہیں اور ہم ان کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے اور سب سے اہم ان کے لیے دعا کریں گے۔

پاکستان میں انگلینڈ ٹیم کے دورے سے متعلق معین علی کا کہنا تھا کہ میں اس سیریز کو لے کر بہت پرجوش ہوں، ظاہر ہے کہ میں پاکستان کے خلاف کئی بار کھیل چکا ہوں لیکن کبھی پاکستان میں نہیں کھیل سکا، تو یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے خاندان کے ساتھ ساتھ میرے زیادہ تر رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے بھی بڑا اہم ایونٹ ہوگا۔ اور یہ سچ ہے کہ میں اور عادل رشید اس سیریز کے منتظر ہیں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ اتنے سالوں بعد انگلینڈ کا پاکستان جانا ایک بڑی بات ہے اس لیے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہو گا۔

یاد رہے انگلینڈ 17 سال کے طویل عرصے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں