انگلش کپتان بٹلر کا پاکستان کیخلاف مکمل ٹی 20 سیریز مس کرنے کا امکان

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کا پاکستان کے خلاف مکمل ٹی ٹوئنٹی سیریز مس کرنے کا امکان ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر پہنچی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو گی، پہلے 4 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جوز بٹلر پنڈلی کی انجری کا شکار ہیں اور ان کے پاکستان کے خلاف مکمل سیریز کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جوز بٹلر ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہونے کے لیے جوز بٹلر مکمل سیریز مس کر سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر جوز بٹلر صرف آخری دو میچز تک خود کو محدود کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں آل راونڈر معین علی کراچی میں کھیلے جانے والے چاروں میچز میں انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے، معین علی کے لاہور کے میچز میں بھی انگلش ٹیم کی قیادت کرنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ پہلے ہی جوز بٹلر کے ابتدائی میچز میں نہ کھیلنے کا کہہ چکا ہے۔

اس حوالے سے انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں وارم اپ میچز ہیں، جلدی کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان میں سیریز کے آخری دو میچز ملتے ہیں تو یہ بہترین ہو جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جوز بٹلر کی پنڈلی کی تکلیف زیادہ نہیں ہے لیکن جلد بازی کرنے سے دوبارہ تکلیف بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں