کانگریس کے رہنما نوجوت سدھو نے الیکشن میں شکست کےبعد پارٹی صدارت سے بھی استعفیٰ دیدیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے الیکشن میں شکست کے بعد پانچ ریاستوں کے پارٹی صدور کو عہدوں سے ہٹایا تھا جس کے بعد نوجوت سدھو نے بھی کانگریس پنجاب کی صدارت سے استعفیٰ دیدیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سدھو نے استعفیٰ پارٹی قیادت کی خواہش پر دیا ہے جس کا اعتراف انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بھی کیا۔
اس سے قبل کانگریس کے ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے اتر پردیش، اتر کھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور کے پارٹی صدور سے استعفے طلب کرلیے ہیں۔
As desired by the Congress President I have sent my resignation … pic.twitter.com/Xq2Ne1SyjJ
— Navjot Singh Sidhu (@sherryontopp) March 16, 2022
واضح رہےکہ بھارتی پنجاب میں کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو الیکشن میں شکست کھاگئے تھے انہیں 6 ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں سدھو نے 32929 اور ان کی حریف نے 39520 ووٹ لیے۔
الیکشن میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نوجوت سدھو نے کہا کہ تبدیلی کا نام ہی سیاست ہے، وہ پنجاب کے لوگوں کو ان کے بہترین فیصلے پر مبارکباد دیتے ہیں۔