فرانس کی مشہور یادگار ایفل ٹاور کی اونچائی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق ایفل ٹاور کی اونچائی میں 17فٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے اس کی اونچائی 1080فٹ ہو گئی ہے ۔
ایفل ٹاور کی اونچائی میں حالیہ اضافہ دراصل نئے ڈیجیٹل انٹینا لگانے کی وجہ سے ہوا ہے ، اس انٹینا کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ایفل ٹاور پر نصب کیا گیا ۔
واضح رہے کہ ایفل ٹاور فرانسیسی انقلاب کے 100 سال مکمل ہونے کی خوشی میں بطور یادگار تعمیر کیا گیا تھا، اس کی تعمیر کیلئے 1887 میں ڈیزائن کا مقابلہ منعقد ہوا ،جس کے تحت 100سے زائد ڈیزائن جمع کرائے گئے لیکن کمیٹی نے انجینئر ”گسٹیو ایفل “کا ڈیزائن منتخب کیا اور اس یادگار کا نام ”ایفل “بھی اسی انجینئر کے نام پر رکھا گیا ۔
اس وقت اس کی اونچائی 300میٹر تھی جو کہ تقریبا 984فٹ بنتی ہے ۔ اس کے علاوہ ایفل ٹاور ایک بیس پر کھڑا کیا گیا ہے جی کی اونچائی5میٹر اور اس ٹاور کے اوپر 19میٹر کا ٹی وی اینٹینا بھی نصب ہے جس سے ایفل ٹاور کی ٹوٹل اونچائی 324میٹر )1063فٹ)بنتی ہے ۔
ایفل ٹاور فرانس کے شہر پیرس میں دریائے سین کے کنارے واقع ہے ۔ ایفل ٹاور لوہے اور سٹیل کے 18ہزار ٹکڑوں سے بنایا گیا ہے ۔ ٹاور کا مجموعی وزن 7ہزار 300ٹن ہے۔
ایفل ٹاور کو 15مئی 1889کو عوام کیلئے کھول دیا گیا تھا ۔ ایفل ٹاور 4دہائیوں تک دنیا کی سب سے بڑی عمارت رہا۔