بھارتی ڈاکٹر اسپتال میں علاج کے لیے آئے مریض کے پیٹ میں شیشے کا گلاس دیکھ کر حیران رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع مظفر پور کے ایک نجی اسپتال میں ایک شخص قبض اور شدید پیٹ درد کی شکایت لے کر آیا۔
سی ٹی اسکین اور ایکسرے کی رپورٹس کی روشنی میں ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ مریض کے پیٹ میں سیلنڈر سے ملی جلتی کوئی چیز ہے۔
مزید ٹیسٹس سے ڈاکٹر اس نتیجے میں پہنچے کہ یہ چیز شیشے کا گلاس ہے۔
ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کامیاب آپریشن کرکے مریض کے پیٹ سے شیشے کا گلاس نکال لیا۔
مریض کا آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر محمود الحسن نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے پہلے اینڈو اسکوپک طریقے سے بذریعہ مقعد گلاس نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکی جس کے بعد انہوں نے آپریشن کرکے اسے نکالا۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ بتدریج صحتیاب ہورہا ہے۔
محمود الحسن نے بتایا کہ یہ بات انہیں مسلسل حیران کررہی ہے کہ گلاس پیٹ میں کہاں سے آیا۔ مریض کا کہنا ہے کہ اس نے چائے پینے کے بعد گلاس نگل لیا تھا لیکن غذا کی نالی اس قدر چوڑی نہیں کہ اس قسم کا گلاس سیدھا معدے میں چلا جائے۔
ابتدائی طور پر اینڈوسکوپک طریقہ کار کے ذریعے شیشے کو مقعد کے راستے سے باہر نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی۔ اس لیے ہمیں مریض کی آنتوں کی دیوار کاٹ کر آپریشن کرکے شیشہ ہٹانا پڑا۔
دوسری جانب مریض یا اس کے اہل خانہ میں کوئی بھی اس بارے میں بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔