طلاق کے بعد ایشوریہ کی سابق شوہر سے سوشل میڈیا پر گفتگو توجہ کا مرکز

بھارتی فلم میکر ایشوریہ رجنی کانت کی شوہر دھنوش سے طلاق کے دو ماہ بعد ٹوئٹر پر گفتگو توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

دھنوش کے ٹوئٹ نے گزشتہ روز انٹرنیٹ پر اس وقت تہلکہ مچایا جب انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ فلمساز ایشوریہ رجنی کانت کو ٹوئٹر پر ان کی نئی میوزک ویڈیو ’پیانی‘ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایشوریہ کی میوزک ویڈیو جمعرات کو چار زبانوں ہندی، تیلگو، ملیالم اور تامل میں ریلیز کی گئی جسے شیئر کرتے ہوئے دھنوش نے اپنے ٹوئٹ میں میری دوست ایشوریہ، آپ کو میوزک ویڈیو پر مبارکباد۔

دھنوش کے ٹویٹ کے جواب میں ایشوریہ نے شکریہ ادا کیا۔

سوشل میڈیا صارفین سابقہ جوڑے کا ایک دوسرے سے خوشگوار موڈ میں ہم کلام ہونا بے حد پسند آیا، اور انہیں خوشگوار حیرت ہوئی۔

یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں شادی کے 18 برس بعد بھارتی جوڑی ایشوریہ اور دھنوش نے طلاق کا اعلان کیا تھا۔

تامل اداکار رجنی کانت کی بیٹی ایشوریہ نے 17 جنوری کو ایک مشترکہ بیان میں شوہر دھنوش سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’دوست، جوڑے، والدین اور ایک دوسرے کے خیر خواہ کے طور پر 18 سال کا ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔‘

ایشوریہ اور دھنوش کی اچانک طلاق نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا، جوڑے کے ایک قریبی دوست نے انکشاف کیا کہ دھنوش بہت زیادہ کام کرنے کا عادی تھا، جو بھی اسے جانتا ہے وہ یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہے کہ دھنوش کسی بھی چیز پر اپنے کام کو فوقیت دیتا تھا۔

دوست نے بتایا کہ فلموں کی آؤٹ ڈور شُوٹنگ اور بہت زیادہ کام کی وجہ سے دھنوش کی نجی زندگی پر اثر پڑا اور جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کیا ۔

دھنوش کے دوست نے بتایا کہ دھنوش ایک انتہائی پرائیوٹ شخص ہے وہ کسی سے بھی اپنی کوئی بات شیئر نہیں کرتا، کوئی یہ اندازہ بھی نہیں لگا سکتا کہ اس کے دماغ میں آخر چل کیا رہا ہے۔

خیال رہے کہ دھنوش اور ایشوریہ نے 2004 میں شادی کی تھی، جوڑے کے دو بیٹے یاترا اور لنگا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں