مون سون بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچا کررکھی ہے، تو وہیں شہرقائد میں بھی ڈینگی کیسزمیں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وبائی امراض سے سندھ بھر میں سب سے زیادہ متاثر کراچی ہوا ہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں 84 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ضلع شرقی ہے، جہاں 28 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی 21، ضلع جنوبی 22کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس کےعلاوہ ضلع غربی میں 9 کیسز، ضلع کیماڑی 7، ضلع کورنگی 2 اور ضلع ملیر 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ حیدرآباد میں 2 اور لاڑکانہ میں 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
ضلع کورنگی میں 5، ضلع کیماری 5، ضلع غربی 2 اور ضلع ملیر 1 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ حیدرآباد میں 1 اور لاڑکانہ میں 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی کے 3 ہزار 97 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 518 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی کیسز رپورٹ زیادہ ہو رہے ہیں، نجی اسپتالوں میں اس وقت مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے، ڈینگی بہت تیزی سے کراچی میں پھیل رہا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کو گھروں میں جمع نہ کریں، مچھرمار اِسپرے لازمی استعمال کیا جائے۔ماہرین صحت نے مزید کہا کہ ڈینگی وائرس انسانی جسم میں خون جمنے کی صلاحیت ختم کردیتا ہے، جس سے ناک کان، منہ سے خون آنا شروع ہوجاتا ہے۔
علاوہ ازیں ماہرین صحت نے شہریوں کو ہداہت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پانی اور پھلوں کا استعمال کریں۔