لاہور میں مرغی کے گوشت پر ایک روز میں 55 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چند روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 120 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ مرغی کے گوشت کی قیمت میں عام عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے اور چند روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد اس کی قیمت 600 سے بھی بڑھ چکی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے کہا پنجاب میں حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ بنتے ہی مرغی مہنگی ہو گئی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے چکن کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مرغی کے گوشت کی قیمت ہر صورت کنٹرول کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کل متعلقہ حکام کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک، سیکرٹری انڈسٹریز کے علاوہ پولٹری فارمرز اور ٹریڈرز کو بھی بلایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت ایک ہی روزمیں 55 روپے کیسے بڑھی؟ عوام سے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے، مرغی کے گوشت کی قیمت ہر صورت کنٹرول کی جائے۔