واوا کار VavaCars کے بعد کار فرسٹ CarFirst نے بھی پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ پاکستان میں چند ماہ کے دوران کام بند کرنے والی چوتھی آن لائن کمپنی ہے، اس سے قبل واوا کار، ایئرلفٹ اور سیول (swvl) بھی اپنے آپریشن بند کرچکی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنی ٹیم، پارٹنرز اور خاص طور پر اپنے کسٹمرز کی سپورٹ پر انکا شکریہ ادا کرتی ہے، کار فرسٹ کی ٹیم آپریشن مکمل بند ہونے تک اپنے کسٹمرز اور پارٹنرز کی رہنمائی کیئے موجود رہے گی۔
کار فرسٹ کو پاکستان میں 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اپنے ابتدائی 6 ماہ کے دوران کمپنی نے زبردست گروتھ حاصل کی تھی۔
کار فرسٹ پاکستان بھر میں استعمال شدہ گاڑیوں کی آن لائن خرید و فروخت کا پلیٹ فارم تھا جہاں صارفین اپنی مرضی کے مطابق گاڑیوں کو فروخت یا خرید سکتے تھے، کمپنی کے لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں 25 سے زائد سینٹرز موجود تھے۔
اس سے قبل رواں سال جون میں واوا کار VAVA CAR اور ایئرلفٹ AIRLIFT نے جولائی کے مہینے میں پاکستان میں اپنے آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رواں سال جون میں ہی آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنی سیول (swvl) نے بھی معاشی حالات اور منافع میں کمی کی وجہ سے اپنی سروس بند کردی تھی۔