کیلیفورنیا کے لگونا ووڈز کے چرچ میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکا میں ایک ہفتے میں یہ دوسرا فائرنگ کا واقع ہے۔
لگونا ووڈز 16 ہزار پر مشتمل ایک قصبہ ہے، جہاں 55 سال اوراس سے زائد عمر کے لوگوں کی ریٹائرمنٹ کمیونٹی رہائش پزیر ہے جسے کبھی لیزر ورلڈ کہا جاتا تھا۔
حکام نے بتایا کہ اتوار کے روز 30 سے 40 لوگ صبح سے چرچ میں موجود تھے، جس کے بعد وہ دوپہر کے کھانے کے لیے جمع ہوئے تبھی دوپہر 1.30 بجے سے کچھ دیر پہلے فائرنگ شروع ہوئی۔
ایک زخمی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ چار افراد شدید زخمی جبکہ ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ اورنج کاؤنٹی کے محکمہ نے بتایا کہ تمام متاثرین بالغ تھے اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص، 60 سالہ ایشائی شخص ہے، جسے حراست میں لیا جا چکا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے دو ہینڈگنیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
فوری طور پر فائرنگ کرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔