اس پرندے کو غور سے دیکھیں کہ کبھی یہ پرندہ لگتا ہے، کبھی گلہری نظرآتا ہے اور کبھی فلموں میں دکھائے جانے والےڈریگن کا گمان ہوتا ہے۔
اس عجیب الخلقت پرندے کا نام گریٹ ایئرڈ نائٹ جار ہے۔ اسے پہلی مرتبہ دیکھنے والا ششدر رہ جاتا ہے کیونکہ یہ دنیا کے عجیب وغریب پرندوں میں سے ایک ہے۔ دور سے دیکھنے پر یہ ڈزنی فلم “ہاؤ ٹو ٹیم یور ڈریگن” کا کردار نظر آتا ہے۔ پھر اس کی انوکھی ہیئت دیکھ کر یہ یقین ہوجاتا ہے کہ ڈائنوسار پرندوں سے کیوں اور کیسے ارتقا پذیر ہوئے تھے۔
جنوبی مشرقی ایشیا کے منطقہ حارہ اور نیم حاری علاقوں کے گھنے جنگلات میں یہ پرندہ پایا جاتا ہے۔ اس کے بڑے بڑے کان دور سے ہی دکھائی دیتے ہیں۔ اس کی دوسری دلچسپ عادت یہ ہے کہ درخت کی بجائے یہ زمین پر گھونسلہ بنانا پسند کرتا ہے۔ اپنا گھر کتھئی سوکھے پتوں سے ڈھانپتا ہے جہاں اس کے انڈے اور بچے محفوظ رہتے ہیں۔ پھر اپنی بھوری رنگت کی وجہ سے بھی اسے دیکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ماہرین اس کی مخصوص آواز کی بدولت اسے شناخت کرلیتے ہیں اور جہاں سے آواز آئے اسی رخ پر تلاش شروع کی جاتی ہے۔ اگرچہ ان کی اصل آبادی معلوم نہیں کی جاسکی ہے تاہم ماہرین کہہ رہے ہیں کہ یہ بڑی تعداد میں ہیں اور پھل پھول رہے ہیں۔
ارتقائی ماہرین کا خیال ہے کہ اس نے لاکھوں برس میں خود کو چھپانے یا کیموفلاج کے لیے یہ روپ دھارا ہے جو ارتقائی عمل کا خوبصورت مظہر بھی ہے۔
سندس رانا، کراچی