انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں انٹرنیشنل ڈیبیو اور آخری اوور میں 15 رنز کا کامیاب دفاع کر کے پاکستان کو کامیابی دلانے والے فاسٹ بولر عامر جمال کا کہنا ہے کہ میرا ملک کی نمائندگی کرنے کا خواب پورا ہو گیا۔
میچ کے آخر میں گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر عامر جمال کا کہنا تھا کہ آخری اوور میں اپنے اعصاب پر قابو رکھا، مجھے اندازہ تھا کہ آخری اوور مجھے کرنا ہے ، اوس کی وجہ سے مشکل پیش آ رہی تھی بال گرپ نہیں ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ اگر 10 رنز سے زیادہ ہوئے تو دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔
عامر جمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر میچ سے قبل مائنڈ بنا کر سوتا تھا کہ اگلے روز ڈیبیو ہے اور مجھے یہ کرنا ہے وہ کرنا ہے تاہم مجھے کل رات بتایا گیا تھا کہ میں میچ میں ڈیبیو کر رہا ہوں، جب یہ خبر مجھے بابر اعظم اور ثقلین مشتاق نے سنائی تو میں رونے لگ پڑا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بین اسٹوکس میرے آئیڈیل آل راؤنڈر ہیں جبکہ بولنگ میں وسیم اکرم سے متاثر ہوں،انفرادی بیٹنگ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو دیکھتا ہوں جس سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ7 میچز پر مشتمل سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے رنز کا کامیاب دفاع کیا اور گرین شرٹس کو 6 رنز سے کامیابی دلوائی۔
پاکستان کے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز 7 وکٹوں پر 139 رنز بناسکے۔